لاہور(ڈیلی گرین گوادر)مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے لاہور میں جاتی امرا میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس کے دوران مریم نواز بھی موجود تھیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف اور برطانوی ہائی کمشنر میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور عام انتخابات سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کیساتھ اہم ترین تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے کئی برطانوی رہنماؤں کیساتھ اپنے گرمجوش اور خوشگوار تعلقات کو بھی یاد کیا۔ ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ برطانوی حکومت غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنانے میں مثبت اور بامعنی کردار ادا کرے۔قائد مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نواز شریف فلسطینیوں کے گھروں، سکولوں اور ہسپتالوں پر اسرائیل کے اندھا دھند، 24 گھنٹے زمینی اور فضائی حملوں کی وجہ سے خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے نواز شریف کی سیاسی کاوشوں کی تعریف کی۔ مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی نواز شریف اور برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات کے موقع پر موجود تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں عمران خان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستان میں انتخابات کے انعقاد اور آئندہ کی حکومت کے قیام کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
میاں نواز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، انتخابات پر گفتگو

ٹیگز:
نواز شریف
