اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) عالمی مارکیٹ میں سستے تیل کا فائدہ عوام تک پہنچنا مشکل ہو گیا۔ مہنگے ڈالر اور روپے کی قیمت میں غیر یقینی صورتحال کے باعث حکومت آئندہ پندرہ روز کے لئے پیٹرول مہنگا اور ڈیزل سستا کر سکتی ہے۔
کل رات حکومت آئندہ دو ہفتوں کے لئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کا تعین کرے گی۔ عالمی مارکیٹ میں گو کہ خام تیل سستا ہو کر 80 ڈالر فی بیرل سے کم پر ٹریڈ کر رہا ہے لیکن کمزور ہوتے روپے نے صورتحال کو بدل دیا ہے۔ آئندہ پندرہ روز کے لئے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے جبکہ ڈیزل 13 روپے فی لٹر سستا ہو سکتا ہے۔
رواں ماہ کے تیرہ دنوں میں ڈالر کی قیمت میں 6 روپے 8 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 31 اکتوبر کو ڈالر کی قیمت 281 روپے 47 پیسے تھی جو تیرہ نومبر کو 287 روپے 55 پیسے پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں ڈیزل 97 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ خام تیل کے مقابلے میں ڈیزل کی قیمت میں زیادہ تیزی سے کمی آئی ہے، اس لئے ڈیزل سستا لیکن پیٹرول مہنگا ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مصدق ملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمار ے ملک میں اس وقت امید کا فقدان ہے، اسٹرکچرل تبدیلیوں اور درست حکمت عملی کے ساتھ غربت سے نکل سکتے ہیں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ منتخب حکومت کو ایک ڈیڑھ سال مشکل فیصلے کرنا ہوں گے اس کے بعد ملک ترقی کے سفر پر آگے بڑھ جائے گا۔ الیکشن سے پہلے پیٹرول مزید سستا ہوگا تاہم ملک کی آمدن بڑھانے کے ذرائع بنانا پڑیں گے لیگی رہنما نے کہا کہ سیاسی جماعتیں معیشت پر اپنا اپنا نقطۂ نظر لے کر چل سکتی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے معاشی ایجنڈا کا مرکزی نکتہ غریب آدمی ہوگا، ملک میں سرمایہ کاری اور بزنس کیلئے رکاوٹیں دور کریں گے۔

