اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) حلقہ علم وادب اسلام آباد کے زیرِ اہتمام اکادمی ادبیات پاکستان کے کانفرنس ہال میں معروف شاعر ادیب اور کالم نگار ڈاکٹر طلعت شبیر کی دوسری شعری تصنیف “الگ راستوں کا دکھ” کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی جس کی صدارت ملک کے معروف شاعر ادیب نقاد اور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر مقصود جعفری نے کی تقریب کے مہمانان اعزاز میں معروف شاعر اور محقق ڈاکٹر نثار ترابی، محترمہ آمنہ سردار، بشری حزیں اور جناب ضیاء اللہ شاہ شامل تھے تقریب کی نظامت ادبی اور ثقافتی تنظیم حلقہ علم و ادب کے صدر اور معروف شاعر ڈاکٹر عارف فرہاد نے کی ۔ڈاکٹر عارف فرہاد نے ابتدائی کلمات میں ڈاکٹر طلت شبیر کی شاعری اور اُن کی شخصیت کا تعارف کروایا اور بتایا کہ اُن کی نستعلیق اور مہذب شخصیت کی طرح اُن کی شاعری ایک خاص مزاج کی شاعری ہے وہ حساس طبیعت کے اعلی ظرف اِنسان ہیں ان کے ہاں جذبات کی سچائی اشعار کا روپ ڈھالتے ہوئے قاری کے دل کو موہ لیتی ہے۔ اُن کی کتاب کا نام “الگ راستوں کا دُکھ ” بھی اُن کی شاعری کی طرح معنوی لحاظ سے کثیر الجہت ہے۔

الگ راستوں کا دُکھ ” محض محبوب سے جدائی کا دُکھ نہیں ہے بلکہ یہ آفاقی معنویت رکھتا ہے اور اُسے پڑھتے ہی قاری کے ذہن میں تقسیم ہند اور مسئلہ کشمیر کا خیال جاگ اُٹھتا ہے۔ ڈاکٹر طلعت شبیر کی شاعری درد اور کرب کی ایک خاص کیفیت کی شاعری ہے۔ محترمہ بشری حزیں اور محترمہ آمنہ سردار نے بھی شاعر کی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ ڈاکٹر طلعت شبیر کی شاعری میں اُن کی اِنسان دوستی اور محروم طبقات سے اُنسیت نمایاں دکھائی دیتی ہے۔جناب ضیاء اللہ شاہ نے ڈاکٹر طلعت شبیر کی شاعری اور شخصیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اُن کی شاعری کے مختلف زاویوں اور جہتوں پر اپنی رائے دی۔ ڈاکٹر نثار ترابی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر طلعت شبیر اچھی اور عمدہ غزل لکھنے کا سلیقہ جانتے ہیں، وہ سہل ممتنع میں بڑی فکر انگیز شاعری تخلیق کرنے کا ہنر جانتے ہیں ۔
تقریب کے صدر ڈاکٹر مقصود جعفری نے ڈاکٹر طلعت شبیر کی شاعری کے فنی محاسن پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے ہاں الفاظ استعاروں کا روپ دھار کر شعر کو معنی خیز بنا دیتے ہیں۔ دُکھ اور درد اُن کی شاعری کا خاصہ ہیں ۔ کتاب کے مصنف ڈاکٹر طلعت شبیر نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا، اپنے شعری سفر کے حوالے سے گفتگو کی اور اپنا کلام پیش کیا ۔ شرکائے مجلس نے بھی ڈاکٹر طلعت شبیر کی شاعری کو عصر ِحاضر کی ضرورت قرار دیا اور بے پناہ داد دی۔آخر میں تقریب کے میزبان ڈاکٹر عارف فرہاد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اِس موقع پر ایم فل سکالر محترمہ مریم نسیم نے ڈاکٹر طلعت شبیر کی علمی اور ادبی خدمات پر لکھا ہوا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔

