کراچی (ڈیلی گرین گو ادر) مسلم لیگ نون کا وفد سیاسی اتحاد مضبوط بنانے کیلئے کراچی پہنچ گیا۔ مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف کی ہدایت پر مسلم لیگ نون کے مرکزی راہنما خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کراچی پہنچے۔ مسلم لیگ نون کے صوبائی صدر بشیر میمن کھیئل داس کوہستانی، علی اکبر گجر نے لیگی راہنماؤں کا استقبال کیا۔ خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کراچی میں سیاسی راہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کا وفد مسلم لیگ فنگشنل، جمیعت علماء اسلام اور ایم کیو ایم کے راہنماؤں سے بھی رابطہ کرے گا۔
مسلم لیگ نون کے راہنما سردار ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق نے کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیر صاحب پگاڑا سے ملاقات کریں گے اور نواز شریف اور شہباز شریف کا پیغام پہنچائیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم کیو ایم کے آفس بھی جائیں گے، ان سے ہمارا اتحاد ہوچکا ہے اس حوالے سے بات کریں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ کراچی میں امن کا سہرا نوازشریف کے سر ہے۔ ایاز صادق نے کہا کہ پی پی سے ہمارا تعلق ہے، ہم نے 18 مہینے ساتھ کام کیا۔ پیپلزپارٹی کا حق ہے جو چاہیں بولیں، وزیراعظم لاہور سے نہیں ہوگا تو جاتی امراء سے ہوگا۔

