کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیب بلوچستان کے زیر اہتمام سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ میں بین الجامعاتی پوسٹر سازی اور کیلی گرافی کے مقابلے منعقد کرائے گئے۔ ان مقابلوں میں بلوچستان بھر سے مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اس طرح کے مقابلہ جات نیب مستقل بنیادوں پر ہر سال کرواتا ہے۔ ان مقابلوں کا بنیادی مقصد طلبا میں کرپشن کے خلاف شعور اجاگر کرنا تھا تا کہ وہ احسن طریقے سے اس ناسور کے خلاف سینہ سپر ہو سکیں۔ طلبا نے اپنے تخلیق کردہ فن پاروں کے ذریعے کرپشن کے خلاف اپنے احساسات کو کینوس پر رنگوں کی شکل میں بکھیر دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نیب بلوچستان محمد راشد، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب خرم شہزاد بھی موجود تھے۔ انہوں نے طلبا کی کاوشوں کو نہ صرف سراہا بلکہ انہیں معاشرے میں کرپشن کے خلاف اپنا کردار ادا کرنے کی بھی ترغیب دی۔ مفتی عبدالودود، ڈاکٹر مسعودہ شاہ اور محترمہ سادیہ راٹھور نے ججز کے فرائض انجام دیے۔ ججز نے بھی طلبا کے کام کی تعریف کے ساتھ ساتھ مزید اصلاحی رائے بھی فراہم کی۔ کیلی گرافی مقابلے کے فاتحین میں کاشف مزمل نے یونیورسٹی آف بلوچستان سے پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ پوسٹر مقابلوں میں جناب عبدالحق جن کا تعلق گوادر یونیورسٹی سے ہے پہلی پوزیشن کے حقدار قرار پائے۔
نیب کا سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ میں بین الجامعاتی پوسٹر سازی اور کیلی گرافی کے مقابلے

ٹیگز:
نیب
