کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل،صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ کوئٹہ بلوچستان کا اہم ترین ضلع اور سیاست کا مرکز ہے،الیکشن کمیشن کی جانب سے عجلت میں کی گئی حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کا جاری کیا گیا شیڈول ناقابل قبول ہے، شہر کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے تو بلدیاتی انتخابات کو عجلت کے بجائے منظم طریقے سے کروایا جائے۔

مسلم لیگ(ن) انتخابات میں حصہ لے گی تاہم جو شیڈول جاری کیا گیا ہے اس میں امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کے لئے محض 10دن ملیں گے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو سردار یعقوب خان ناصر کی رہائشگاہ پر کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں نسیم الرحمن خان ملاخیل سردار زادہ میر عارف جان محمد حسنی حیدر خان اچکزئی میر?سلم رند حاجی ہاشم بڑیچ لالا رشید ارباب محمد اقبال نسیم اللہ اچکزئی میر بلال محمد حسنی جاوید احمد خان سلیم جبار شاکر محمد حسنی جہانگیر خان خروٹی عبدالوہاب اٹل میر سجاد رئیسانی حاجی رضا خان خلجی نثار خان اچکزئی لیاقت راجپوت میر اشرف کرد میڈم ممتاز میر عین الدین کرد عامر بہرانی سجاد علی خاں سمیت سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی حکمت عملی سے متعلق سیر حاصل بحث کی گئی۔ اجلاس سے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل اور جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی نااہلی سے کوئٹہ میں لاکھوں لوگ حق راہے دہی سے محروم ہوگئے ہیں مردم شْماری کے تحت حلقہ بندیوں میں من پسند حلقوں کی تشکیل سے امیدواروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا بہت امیدواروں کے نام راتوں رات دوسرے حلقوں میں ڈال دئیے گئے ہیں کم وقت کی وجہ سے حلقوں میں غلطیوں کی نشاندہی بھی ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پی ڈی ایم کے موقف کی مکمل حمایت کرتی ہے ہائی کورٹ کے آرڈر کے باوجود بے ضابطگیاں الیکشن کمیشن کی نااہلی ہیں مسلم لیگ (ن) الیکشن کمیشن سے پرزور مطالبہ کرتی ہیں کہ بلدیاتی الیکشنز کو بہتر بنانے کے لئے ازسرنو شیڈول کا اعلان کیا جاہے تاکہ درستگی کے بعد بھرپور نمائندگی کا سب کو موقع مل سکے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی الیکشنز تک پارٹی باقاعدگی سے ہفتہ وار اجلاسوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔

