کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل، جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی آمد کے پاکستان اور بلوچستان کے سیاسی منظر نامے پر اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں، مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے ہزاروں کارکنوں نے میاں نواز کا استقبال کر کے بلوچستان میں نئی سیاسی تاریخ رقم کی ہے، سابق صوبائی وزراء اور الیکٹ ایبلز نے شمولیت کی حامی بھر لی ہے جلد ہی میاں شہباز شریف اور مریم نواز کوئٹہ کاد ورہ کریں گے جس میں صوبے میں بڑی سیاسی شخصیات پارٹی میں شمولیت کریں گی، مکران ڈویژن میں مسلم لیگ(ن) نے انٹری کرلی ہے پارٹی کو صوبے بھر میں وسعت دیں گے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو مقامی ہوٹل میں سابق ڈسٹرکٹ چیئر مین کیچ حاجی معتبر برکت رند کی اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سردار علی حیدر محمد حسنی، عطاء اللہ محمد زئی، ملک ظاہر کاکڑ، عبدالوہاب اٹل، حیدر اچکزئی، نثار اچکزئی، سردار زادہ عارف محمد حسنی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن) کا پہلے بھی گہوارہ رہا ہے اب ایک بار پھر پارٹی صوبے میں اپنی گرفت مضبوط کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے فقید المثال استقبال نے ملک اور بلوچستان کی سیاست میں نئی سمت کا تعین کردیا ہے عوام اور سیاسی رہنماء مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہیں بلوچستان کے 8سے10ہزار کارکنوں نے اپنے قائد کااستقبال کر کے بلوچستان کی سیاسی تاریخ رقم کردی ہے ہمارے قافلے سندھ اور خیبر پختونخواء جو نسبتا ً قریبی علاقے ہیں ان سے بھی بڑے تھے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے مکران میں انٹری کرلی ہے برکت رند کی شمولیت کے بعد مزید لوگ بھی پارٹی میں شامل ہونگے جلد ہی پورا مکران قومی سیاسی دھارے میں نظر آئے گا۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے متعدد سابق وزراء نے پارٹی میں شمولیت کرنے کی حامی بھر لی ہے یہی رہنماء لاہور کے جلسے میں بھی موجود تھے جلد ہی میاں شہباز شریف اور مریم نواز کی آمد کے موقع پر بلوچستان میں بڑی شمولیتیں ہونگی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ میاں نواز شریف کی آمد کے بعد بلوچستان میں شمولیتوں کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے وہ خوش آئند ہے آئندہ حکومت مسلم لیگ(ن) ہی بنائے گی۔تقریب میں سابق ڈسڑکٹ چیئر مین کیچ حاجی معتبر برکت رند نے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) نے پہلے بھی کام کئے ہیں شیخ جعفر خان مندوخیل کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کرنے کا مقصد بلوچستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے ہم پارٹی کو فعال اور مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادارکریں گے آئندہ عام انتخابات میں چمن سے گوادر تک مسلم لیگ(ن) کامیاب ہوگی۔ اس موقع پر شیخ جعفر خان مندوخیل، جمال شاہ کاکڑ و دیگر نے شمولیت کرنے والوں کو پارٹی مفلر بھی پہنائے۔
میاں نواز شریف کی آمد، بلوچستان کے سیاسی منظر نامے پر اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں، شیخ جعفر خان مندوخیل

ٹیگز:
شیخ جعفر خان مندوخیل
