پشاور(ڈیلی گرین گوادر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ فلسطین مسلمانوں کا قبلہ اول اور امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے، ہر مسلمان کے لیے یہ امر باعث تکلیف ہے کہ انبیاء کی سرزمین عرصہ دراز سے ظالم جابر دشمن کے قبضے میں ہے جس کے ظلم و جبر پر نام نہاد مہذب دنیا نے آنکھیں بند رکھی ہوئی ہیں۔دردانہ صدیقی نے کہاکہ ایسے میں فلسطینیوں کی مزاحمت نے اس اہم مسئلے کو زندگی بخشی ہے، قبلہ اول کی آزادی کے لئے اہل فلسطین کی حمایت ہم پر فرض بھی ہے اور قرض بھی۔
انہوں نے کہا کہ اگر مضبوط قوت ایمانی ہو تو آج بھی بدر کے میدان کی طرح مٹھی بھر افراد ہزاروں لاکھوں پر غلبہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اہل فلسطین کا اقدام قابل ستائش ہے۔سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے دعا کی کہ فلسطینی مجاہدین اور مسلمانوں کی اللہ تعالیٰ اپنے خاص فرشتوں سے نصرت فرمائے، اللہ تعالیٰ فلسطین سمیت دنیا بھر کے مجاہدین اسلام کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار فرمائے ۔

