پاکستان پیپلز پارٹی کے دروازے ان تمام افراد کیلئے کھلے ہیں جو آئین اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ترجمان پیپلز پارٹی بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ترجمان سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دروازے ان تمام افراد کیلئے کھلے ہیں جو آئین اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں،پیپلز پارٹی کی جانب سے میر عبدالقدوس بزنجو کو مسترد کرنے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں اور نا ہی ہمارے رکن صوبائی اسمبلی ظہور بلیدی نے ایسا کوئی بیان دیا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ ظہور بلیدی اور ترجمان بلاول ہاؤس کے نام سے منصوب بیانات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں چند عناصر جو کہ پیپلزپارٹی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے کی جانب سے جعلی بیانات چلائے گئے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایسے بیانات کی سختی سے تردید کرتی ہے اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے درخواست کرتی ہے کہ ایسے بیانات چلانے سے قبل تصدیق کرلیا کریں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور آئین و جمہوریت پر یقین رکھنے والے تمام رہنما ہمارے لئے قابل قدر ہیں۔ترجمان نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ملک بھر میں سیاسی و قبائلی عمائدین کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت سے بعض عناصر بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر پیپلز پارٹی کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو موجودہ سیاسی اورمعاشی بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے اورانشاء اللہ آنے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی قیادت میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے عوام کی بلا رنگ ونسل خدمت کو یقینی بنائے گی۔