کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 2 سپاہی شہیدہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستان ایران سرحد پر واقع سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا چیک پوسٹ پر تعینات مستعد جوانوں نے بہادری کے ساتھ دستیاب اسلحے سے جواب دیتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو بہادر فوجی سپاہی حسنین اشتیاق اور سپاہی عنایت اللہ دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔34 سالہ سپاہی حسنین اشتیاق ضلع ڈیرہ غازی خان کے جبکہ 27 سالہ سپاہی عنایت اللہ ضلع جھل مگسی کے رہائشی تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایرانی حکام سے رابطہ کرتے ہوئے مذکورہ علاقے میں فوراً آپریشن شروع کردیا تاکہ دہشت گردوں کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز قوم کے ہمراہ امن اور استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہرکوشش کو ناکام بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
ضلع کیچ، سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 2 سپاہی شہید

ٹیگز:
ضلع کیچ
