محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کی ملازمین کو عید پر تنخواہ دینے سے معذرت
پشاور (ڈیلی گرین گوادر) خیبرپختون خوا کے محکمہ خزانہ نے سرکاری ملازمین کو عید پر پیشگی تنخواہ دینے سے معذرت کرلی محکمہ خزانہ نے مالی مشکلات سے متعلق چیف سیکریٹری کو تفصیلی نوٹ بھجوادیا جس میں تمام تر اخراجات اور محصولات کی تفصیلات بجھوا دی گئی ہیں۔
محکمہ خزانہ کے مطابق صوبائی حکومت کو گزشتہ ایک سال سے مالی مشکلات کا سامنا ہے، صوبے کے اکاؤنٹ ون میں 13 ارب روپے موجود ہیں، تنخواہوں کے کل اخراجات 45 ارب روپے ہیں، اپریل میں وفاقی حکومت سے 20 سے 25 ارب روپے ملنے کا امکان ہے سرکاری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ تنخواہوں اور پنشن کی پیشگی ادائیگی کی پوزیشن میں نہیں، تنخواہ اگلے مہینے کے پہلے ورکنگ ڈے میں تقسیم کرنے کی اجازت دی جائے۔