مشیر ہوتا تو شہباز شریف کو حکومت نہ لینے کا مشورہ دیتا،چوہدری نثار
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)مسلم لیگ ن کے سابق رہنما چوہدری نثار نے کہا ہے کہ عمران نے مجھ سے دوستی نبھائی ہے اور آج بھی نبھا رہا ہے۔جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی جماعت میں شامل کرنے کے لیے کافی مرتبہ اصرار کیا، وہ میرا 50 سال سے دوست ہے، اور آج بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں الیکشن کے بعد کسی جماعت میں عزت کے ساتھ جاؤں۔انتخابات 2018 میں کیا ہوا، اس کی وجہ کچھ اور تھی، پھر کبھی بتاؤں گا۔چوہدری نثار نے کہا کہ عمران نے کسی کو پارٹی میں شامل کرنے کی اتنی کوشش نہیں کی جتنی میرے لیے کی۔
انہوں نے کہا کہ عزت عہدوں سے نہیں آتی، بطور ایم این اے ہی خدمت نہیں کی بلکہ بطور کونسلر بھی خدمت کی۔ میں میدان میں آچکا ہوں، الیکشن آج ہوں، کل ہوں 2 سال بعد یا 10 سال بعد، میں میدان میں ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اور پاکستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا، مجھے غریب اور مزدور کی مدد درکار ہے، میں نے بڑے بڑے عہدوں کا انکار کیا ہے۔ لوگ پوچھتے ہیں کہ کسی پارٹی میں شامل کیوں نہیں ہوتے؟ میں کہتا ہوں کہ میں اس گالم گلوچ کا حصہ نہیں بننا چاہتا لیکن سچ کا علم بلند کرتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں گالم گلوچ عام ہوگئی ہے، آج ہم کھائی کے بالکل کنارے پر پہنچ گئے ہیں۔