ریذیڈیشنل کالجز کے تمام دیرینہ مسائل حل کرنے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،میرنصیب اللہ مری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،ریذیڈیشنل کالجز کے تمام دیرینہ مسائل حل کرنے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو ریذیڈیشنل کالج لورالائی،ڑوب، خضدار، تربت،اوتھل کے پرنسپلز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں سیکرٹری کالجز حافظ ماجد نے، امتیاز بزدار اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ریذیڈیشنل کالجز می ں جاری ترقیاتی کاموں پر پی ڈی کیڈٹ کالجز نے بریفنگ دی صوبائی وزیر تعلیم نے سی اینڈ ڈبلیو کے نامکمل کاموں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریذیڈیشنل کالجز میں جاری ترقیاتی کاموں کو فوری طور پر مکمل کیا جائے اور ترقیاتی کاموں میں تاخیر کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے ریذیڈیشنل کالجز میں اساتذہ کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کیلئے سیکرٹری کالجز کو ہدایات جاریں کیں۔میر نصیب اللہ مری نے تمام کالجز کو انکی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کے فروغ وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں اور اساتذہ کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے بھر پوراقدامات اٹھائے ہیں اب اساتذہ کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کریں۔