سیاسی و مذہبی جماعتوں کو متحد ہوکر عمران خان کے فتنے کو روکنے میں اپنا کردارادا کرنا ہوگا،سردار لطیف کھوسہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء پیپلز لائرز فورم پاکستان کے صدر وسابق گورنر سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جوملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے،ملک میں فوری طور پر عام انتخابات نہیں ہوسکتے،سیاسی و مذہبی جماعتوں کو متحد ہوکر عمران خان کے فتنے کو روکنے میں اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے پیر کوپاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سکینہ عبداللہ خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عشائیے میں پیپلزپارٹی بلوچستان کے فنانس سیکرٹری ملک حمید کاکڑ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حاجی قاسم خان اچکزئی، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ملک زیشان حسین، رابطہ سیکرٹری حاجی ربانی خلجی، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سردار عمران بنگلزئی،صوبائی رہنما ندیم آفریدی،پیپلز لائرز فورم کے سیکرٹری اطلاعات سید ظہورآغا، لیبر بیورو کے صدر شاہ جہان گجر، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے صدر عین الدین کاکڑ،پیپلز سپورٹس اینڈ کلچرونگ کے صدر شہزادہ کاکڑ،سید ایوب آغا،اختر بلوچ،خواتین ونگ بلوچستان کی نائب صدور پروین مینگل، محمودہ نسرین، عابدہ بلوچ، ثناء درانی،اقلیتی ونگ کی سیکرٹری اطلاعا ت حنا گلزار،سٹی میڈیا کوآرڈینیٹر ظفر خان اور صوبائی ڈپٹی میڈیا کوآرڈینیٹر اختر شاہ مندوخیل اور دیگر نے شرکت کی۔سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا عمران نیازی نے عوام سے سوائے جھوٹے وعدوں اور نعروں کے کوئی کام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اورعمران خان ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو ملکر عمران نیازی کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدارآئی ہے ملک میں ترقی کی راہیں کھلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فوری طور پر عام انتخابات نظر نہیں آرہے ہیں عام انتخابات اپن مقررہ وقت پر 2023ء میں ہی ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے