کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپس لینے کے معاملے پر اپوزیشن اراکین نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا، تاہم وزراء کی جانب سے منانے پر وہ ایوان میں واپس آگئے۔ اجلاس میں بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر اور بلوچستان غیر رسمی تعلیم کے مسودہ ہائے قانون منظور کرلیے گئے، جبکہ محکمہ صحت اور محکمہ بہبود آبادی سے متعلق سوالات محرکین کی عدم موجودگی کے باعث موخر کردیے گئے۔پیر کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کو پینل آف چیئرمین کے رکن ڈاکٹر اشوک کمار کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے دوران رکن اسمبلی زابد ریکی نے نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قائد مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، حالانکہ ان پر متعدد مرتبہ قاتلانہ حملے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے سکیورٹی واپس لینے کے اقدام کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے قائد کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری وزیراعظم پر عائد ہوگی۔ اس احتجاج کے بعد زابد ریکی ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔نیشنل پارٹی کے رکن ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ افسوسناک ہے، اس صورتحال پر نیشنل پارٹی کے اراکین بھی ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ انہیں مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی کے حوالے سے علم نہیں، تاہم مولانا فضل الرحمان ملک کے ایک زیرک سیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے اور جب ہم رات کو سوتے ہیں تو سکیورٹی ادارے ملک کی حفاظت کررہے ہوتے ہیں، ایسے اداروں کے خلاف بات کرنا مناسب نہیں۔صوبائی وزیر نور محمد دومڑ نے بھی سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے اتنی بڑی قربانیاں دینے والوں کے خلاف بات کرنا مناسب نہیں، لیڈر خواہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، اسے افواج پاکستان کے خلاف بات کرنا زیب نہیں دیتا۔ بعدازاں وزراء کی جانب سے اپوزیشن اراکین کو منانے پر وہ ایوان میں واپس آگئے۔اجلاس میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر کا مسودہ قانون ایوان میں پیش کیا، جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی پہلے ہی منظور کرچکی تھی۔ ایوان نے مسودہ قانون کی منظوری دے دی۔اسی طرح پارلیمانی سیکرٹری ولی محمد نورزئی نے بلوچستان غیر رسمی تعلیم کا مسودہ قانون ایوان میں پیش کیا، جسے بلوچستان اسمبلی نے منظور کرلیا۔اجلاس کے دوران محکمہ صحت اور محکمہ بہبود آبادی سے متعلق سوالات محرکین کی عدم موجودگی کے باعث موخر کردیے گئے۔اجلاس کے دوران نیشنل پارٹی کے رکن ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ان سے ملاقات کے لیے آئے تھے اور چمن سے کراچی تک ٹرانسپورٹرز مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کو بلا کر ان کے مسائل سنے اور حل کیے جائیں۔بعدازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 8 دسمبر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
بلوچستان اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپس لینے پر اپوزیشن کا واک آؤٹ، دو مسودہ ہائے قانون منظور

ٹیگز:
بلوچستان اسمبلی
