نوازشریف کے راستے کی رکاوٹ شہباز شریف خود بنیں گے،شیخ رشید
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ایک بار پھر پیشگوئی کی ہے کہ شہبازشریف نوازشریف کے راستے کی رکاوٹ بنیں گے، جب کہ ستمبر اور اکتوبر میں پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجائے گی،۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کہنا تھا کہ ستمبر اور اکتوبر ستمگر مہینے ہیں یہ سیاسی بھونچال لائیں گے، تعیناتیاں، تنزلیاں، تبدیلیاں اور اہم عدالتی فیصلے انہی دو مہینوں میں ہوں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ستمبر اکتوبر میں ن اور ش ہی آمنے سامنے نہیں بلکہ پی ڈی ایم (PDM) بھی ٹوٹ پوٹ کا شکار ہوگی، جب کہ نوازشریف کے راستے کی رکاوٹ شہباز شریف خود بنیں گے۔پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا میں تیل کی قیمت گررہی ہے، اور پاکستان میں حکومت ڈیزل 10 روپے اور بجلی4.5 روپے مہنگی کررہی ہے، عوام کو بے زبان، بے آواز سمجھنے والے پچھتائیں گے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد غذائی اور وبائی بحران آئے گا، غذائی قلت گوداموں اور دکانوں کو لوٹ کھائے گی، یہ سیلاب کے بہانے بھارت سے تجارت اوراسرائیل سے دوستی کریں گے۔شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ کا ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ رویہ قابل تعریف ہے۔