پرویز الٰہی سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی سے سردار عثمان بزدار اور سابق وزراء کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں فاروق اعوان، حسنین بہادر دریشک، علی عباس شاہ اور سبطین خان بھی شریک تھے۔ وفد نے چودھری پرویزالٰہی کو حکومت کی جانب سے اپنے خلاف ہونے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا ۔
پرویزالٰہی نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی کے پرچے درج کروانے اور ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس ارکان پنجاب اسمبلی اور سٹاف کو بے جا ہراساں کر رہی ہے، بجٹ اجلاس کی تیاری کرنے والے اسمبلی سٹاف کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جب اسمبلی سٹاف کو گرفتار کر لیا جائے گا تو بجٹ اجلاس کیسے ہوگا، جعلی حکمران معزز ارکان اسمبلی کے خلاف دہشت گردی کے پرچے کٹوا کر پارلیمانی روایات کو پامال کر رہے ہیں۔