وزیر اعظم شہباز شریف نے خضدار،کچلاک شاہراہ کی بحالی اور اسے دوہرا کرنے کے تعمیری عمل کاسنگ بنیاد رکھ دی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے خضدار،کچلاک شاہراہ کی بحالی اور اسے دوہرا کرنے کے تعمیری عمل کاسنگِ بنیاد رکھ دی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے خضدار،کچلاک شاہراہ کی بحالی اور اسے دوہرا کرنے کے تعمیری عمل کاسنگِ بنیاد رکھی، اس موقع پر چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر)محمد خرم آغا نے وزیر اعظم کو اس تعمیری منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ابتدائی طور پر خضدار،کچلاک شاہراہ کے دوسیکشنز جن کی لمبائی 102 کلومیٹر ہے،پر تعمیری کام شروع کردیا گیاہے یہ شاہراہ کراچی،کوئٹہ،چمن قومی شاہراہ N-25 کا حصہ ہے،جسے دوہراکیا جارہا ہے اور2021-22 میں اس کے تعمیری عمل کیلئے3000 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں،انہوں نے بتایاکہ چاررویہ اس شاہراہ پر 37پْل اور1000 کلورٹس تعمیر کئے جائیں گے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نیٹ ورک کی کل لمبائی14480کلومیٹر ہے،جن میں سے4566 کلومیٹر سڑکیں بلوچستان میں واقع ہیں،انہوں نے بتایاکہ خضدار،کچلاک شاہراہ کے سیکشن ون کی کنٹریکٹ لاگت8786ملین روپے جبکہ سیکشن ٹو کی کنٹریکٹ لاگت9271 ملین روپے ہے اس شاہراہ سے تجارتی،معاشی اور کاروباری سرگرمیو ں میں اضافہ ہوگا اس منصوبہ کی تکمیل سے لوگوں کو روز گار کے خاطر خواہ مواقع میسر آئیں گے، انہوں نے بتایاکہ اس شاہراہ کی کشادگی بلوچستان کے عوام اور یہاں کی حکومت کا دیرینہ مطالبہ تھا،اس منصوبے کی تکمیل کا دورانیہ 3 سال ہے،اس سڑک کی کشادگی سے یہاں کے عوام کا معیارزندگی بلند ہوگا اور معاشی ترقی پر نہایت مثبت اثر پڑے گا۔وزیر اعظم پاکستان محمد شہبازشریف کی ہدایت پر صوبہ بلوچستان میں تعمیر و ترقی کا عمل تیز کردیا گیاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے