اب صرف فرح گيٹ کميشن بنے گا ،مريم اورنگزيب
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے الزام لگایا کہ فرح عمران خان کی فرنٹ پرسن تھيں۔ کميشن ميں عمران خان اوران کی اہليہ کا ٹرائل ہوگا۔ ايک ايک ٹرانزيکشن کا ثبوت موجود ہے۔ اب صرف فرح گيٹ کميشن بنے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فرح کے بعد ان کی بيسٹ فرينڈ اوران کاشوہرفرارہوگا، فرح خان عمران خان کی فرنٹ پرسن تھيں،ٹرانزيکشن کے شواہد موجود ہيں۔ انہوں نے کہا کہ وزارتيں آئين شکنوں کے احکامات پرعمل نہ کريں، آئين شکنوں کے احکامات ماننے والوں پرآرٹيکل 6لگے گا۔
واضح رہے کہ فرح خان پر گذشتہ چند دنوں میں حزبِ اختلاف کے متعدد رہنماؤں اور تحریک انصاف کے ناراض اراکین کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کے بعد سوشل میڈیا پر کافی بحث اور بات چیت کی جا رہی ہے۔سنہ 2018 میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی اور بعد میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد فرح خان کا نام پہلی مرتبہ منظر عام پر آیا تھا۔ اس کے بعد وہ خاتول اول بشریٰ بی بی کے ہمراہ بیشتر مرتبہ دکھائی دیں۔ فرح اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی اپنی اور بشریٰ بی بی کی تصاویر اکثر لگاتی تھیں۔