ممتازسیاسی سماجی رہنماؤں وکارکنو ں کی پارٹی میں شمولیت قابل تحسین ہے،پشتونخواملی عوامی پارٹی
مسلم باغ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ممتاز سیاسی سماجی رہنماؤں وکارکنو ں کی پارٹی میں شمولیت قابل تحسین ہے اور پارٹی کے پروگرام جدوجہد اور قیادت پر اعتماد کا عکاس ہے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن اور ضلع قلعہ سیف اللہ کے ضلعی سیکرٹری چیئرمین اللہ نور خان، علاقائی سیکرٹریز عطاء محمد صاحب اور ڈاکٹر حبیب اللہ نے سوری مہترزئی کے علاقے کلی نور اللہ جان میں شمولیت کی تقریب اور نئے ابتدائی یونٹ کے قیام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ماسٹر محب اللہ، نور اللہ جان اور ماسٹر عبدالغنی کی قیادت میں 14گھرانوں نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتون غیور عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں درپیش مشکلات ومسائل سے نجات سیاسی جمہوری جدوجہد میں ہے غیور عوام پشتونخوامیپ کے وطن دوست پروگرام اور جدوجہد کا ساتھ دیتے ہوئے قومی حقوق واختیارات کی جدوجہد میں اپنا فعال رول اد ا کریں اور اپنے آنیوالے نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت، بھوک وافلاس اور مسافرانہ زندگی ہماری قسمت نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ہر قسم کے نعمتوں اور معدنیات سے مالا مال وطن دیا ہے لیکن قومی محکومی اور سیاسی معاشی اور ثقافتی واک واختیار سے محرومی نے ہمیں تباہ حال کرکے رکھ دیا ہے۔ لہٰذا متحد ومنظم ہوکر قربانیوں سے لبریز مسلسل جدوجہد کے سوا کوئی چارہ کار نہیں۔