کسٹم ڈیپارٹمنٹ کا ملک و صوبے کی معیشت کو استحکام بخشنے میں کلیدی کردار ہے،سید ظہورآغا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادار) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ کسٹم ڈیپارٹمنٹ کا ملک و صوبے کی معیشت کو استحکام بخشنے میں کلیدی کردار ہے، بلوچستان میں صنعت کاری، سمندری تجارت، ماہی گیری اور لائیوسٹاک کی ترقی کے منافع بخش مواقع موجود ہیں، اس ضمن میں درست سمت میں اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں چیف کلکٹر کسٹم بلوچستان محمد صادق کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا، ملاقات میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی تجارت، بارڈر مارکیٹس کے قیام، مقامی تاجر برادری کے مسائل ومشکلات اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ صوبہ بلوچستان جغرافیائی اعتبار سے وسط ایشیاء تک رسائی کا منافع بخش راستہ فراہم کر سکتا ہے، ضروری ہے کہ وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ معاشی اور تجارتی مواقعوں سے استفادہ کریں، انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ عالمی وبا کووڈ 19 کی وجہ سے کاروباری مراکز اور سرحدی تجارت کی بندش سے سب سے زیادہ بلوچستان کی تاجر برادری متاثر ہوچکی ہے، لہٰذا اب تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کی مکمل بحالی اور ہمسایہ ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی اور سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، گورنر بلوچستان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ قوی امکان ہے کہ بلوچستان میں مختلف صنعتی زونز کی تکمیل سے صوبہ میں امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کے علاوہ روزگار کے بھی وسیع مواقع میسر آئینگے، انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل و معدنیات زیادہ ہیں لہٰذا دستیاب وسائل کے درست استعمال کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے، انٹرنیشنل معیار کے فیشریز کے یونٹس قائم کرنے سے ہم زرمبادلہ میں بے تبی شا اضافہ کر سکتے ہیں، گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے تاکید کی کہ موجودہ حکومت ہر قسم کی تجارت کی بحالی اور تاجروں و صنعت کاروں کیلئے نئے مواقع و سہولیات پیدا کرنے کے عملی اقدامات اٹھائے۔