جماعت اسلامی کا پٹرول مہنگا ہونے کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات میں ہوش ربا اضافے کے خلاف ملک بھر میں دو روزہ احتجاج کی کال دے دی۔سراج الحق نے کہا کہ جمعرات اور جمعہ کو ہر شہر میں حکومت کے ایک اور ظالمانہ اقدام کے خلاف احتجاج ہوگا، پی ٹی آئی حکومت نے غریب عوام پر ظلم کی تمام حدیں عبور کردیں، پٹرول کی قیمت میں بارہ روپے لٹر اضافہ کو مسترد کرتے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت پٹرول کی قیمت کم ازکم پچاس فیصد کم کرے، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی، کسٹم ڈیوٹی ختم کرکے عوام کو سبسڈی دی جائے، حکومت کی غریب کش پالیسی جبر اور ناانصافی کی انتہا ہے، آئی ایم ایف کے احکامات پر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے جارہے ہیں، ڈیزل ، کیروسین آئل، لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں دس سے بارہ روپے لٹر اضافہ نامنظور، حکمران اشیائے خوردنوش ، پٹرول، بجلی ، ادویات کی ریٹس میں فوری پچاس فیصد کمی کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام دشمن اقدامات ختم نہ ہوئے تو دھرنوں سے حکمرانوں کو گھر بھیجیں گے، پاکستان دنیا کا مہنگا ترین ملک بن گیا اور لوگوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا۔