کوئٹہ، موٹرسائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد کا دھماکہ ایک شخص جاں بحق 9 افراد زخمی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ کے معروف اور مصروف کاروباری مرکز شارع اقبال پر بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں چار افراد کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے، ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کے مطابق ہفتہ کو کوئٹہ کے کاروباری مرکزی شارع اقبال میں قندھاری بازار کے مقام پر موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین و بچوں سمیت 9افراد زخمی ہوگئے،پولیس اور سی ٹی ڈی نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دھماکے کے مقام کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکھٹے کر نے کے بعد واقعہ کی تفتیش شروع کردی ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق معصوم خواتین اور بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو خراب کرنے والی دہشتگرد تنظیموں کو توڑا جائیگا اور انکے سہولت کاروں کے خلاف عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے، ترجمان سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر وسیم بیگ کے قندھاری بازار دھماکے میں 1شخص کے جاں بحق اور 10کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں سید ندا محمد ولد سید حاجی محمد جاں جبکہ 10افراد نواب خان،زرب شاہ دختر عبیداللہ،تجلہ دختر عبیداللہ،محمد صائم ولد عبیداللہ،عبید اللہ ولد محمدمقیم،نعمت اللہ ولد حاجی خان،عبدالمتین ولد محمدمقیم،سید میر ولد محمد بخش، عبدااصمد ولد باز محمد،.علی خان ولد محمد نبی اور ایک خاتون زخمی ہوگئے ترجمان نے بتایا کہ زخمیوں کو سول ہسپتال میں بہتر اور فوری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر جاوید اختر کی ہدایت پر تمام سرجنز، انستیھیسیا ڈاکٹرز، طبی اسٹاف کو ہنگامی بنیادوں پر طلب کرکے بلا تاخیر طبی ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کی ہے،یہاں جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذ مت کر تے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد عناصر امن کے دشمنوں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گاعوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ہم ہر حد تک جائیں گے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولت کی فراہمی کی جائے وزیر علیٰ بلو چستان نے آئی جی پو لیس بلو چستان کو ہدایت کی کہ شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے انہوں نے دھماکے میں جا ں بحق شخص کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن،سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفورحیدری، ترجمان محمد اسلم غوری نے کوئٹہ میں قندھاری بازر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،مولانا فضل الرحمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نااہل حکمرانوں کے رحم وکرم پر ملک اس صورتحال سے دو چار ہے کراچی کے بعد کوئٹہ دھماکہ ملک کے امن وامان پر ایک سوالیہ نشان ہے۔سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت ملک کے حالات خراب کئے جارہے ہیں تبدیلی سرکار نے ملک کو معاشی بحرانوں کے ساتھ ایک مفلوج ریاست کے طور پر کھڑا کیا ہے،محمد اسلم غوری نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں جمعیت کے رضاء کار امدادی کاروائیوں میں اپنا حصہ ڈالیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے