پی ڈی ایم حکومت کے خاتمہ تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، مولانا فضل الر حمن
پشاور : جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الر حمن نے کہاہے کہ موجودہ حکمران ایجنڈے کے تحت ملک کو سیکولر ازم کی طرف لے جارہے ہیں ،سرکاری سطح پر فحاشی وعریانی کی سرپرستی کی جارہی ہے ۔ فرقہ واریت اور تعصبات کو ہوا دے کر حکمران چپکے سے اسلام کے خلاف قانون سازی کررہے ہیں ، پاکستان میں مہنگائی کی شرح روز بروز بڑھتی جا رہی اور روزانہ کی بنیاد اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ نااہل حکمرانوں کی ناقص کارکردگی اور پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔جے یوآئی کی صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغانستان میں پہلے بھی مذاکرات کے حامی تھے اور آج بھی مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں ،افغانستان کو امریکی تسلط سے نجات دلانے والوں کو خراج تحسین پیش کیا تھا اور کرتا رہوں گا ،انہوں نے کہا کہ فیٹف اور خواتین تشدد بل اسلام اورآئین کے خلاف زبردستی منظور کرایا گیا اور ہمارے ادارے اس قانون سازی میں مکمل شریکِ رہے ،کشمیر، گلگت کے انتخابات 2018 کے انتخابات کی طرح متنازعہ ہیں پاکستان اور گلگت کی طرح کشمیر میں بھی سلیکٹڈ حکمران مسلط کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے بیانیہ سے اختلاف کرنے والے فارغ ہو چکے ہیں پی ڈی ایم حکومت کے خاتمہ تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔