کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں مسلم باغ تحصیل اور گردونواح کے دیگر علاقوں میں کرومائٹ کی کانکنی کے لیے بلاسٹنگ ڈائنامائٹ پر عائد پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں اور قانونی طریقہ کار کے مطابق کانکنی کے لیے ڈائنامائٹ کی فراہمی یقینی بنائیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلم باغ گردونواح کے علاقوں میں کرومائٹ کی کانکنی مقامی معیشت اور ہزاروں محنت کشوں کے روزگار کا بنیادی ذریعہ ہے۔ ان علاقوں میں سخت چٹانوں سے کرومائٹ نکالنے کے لیے ڈائنامائٹ کے ذریعے بلاسٹنگ ناگزیر ہے، لیکن ڈائنامائٹ کی فراہمی بند ہونے کے باعث ہزاروں کانیں بند پڑی ہیں، جس سے کان کن مزدوروں، مزدہ ٹرکوں کے ڈرائیوروں، ٹرانسپورٹروں، کروم پراسسنگ پلانٹوں اور کانکنی سے وابستہ دیگر افراد کا روزگار شدید متاثر ہوا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کانکنی کی سرگرمیاں معطل ہونے کے باعث نہ صرف ہزاروں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں بلکہ مسلم باغ، نسئی اور ملحقہ علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ ہوٹلوں، دکانوں، ٹرانسپورٹ اور دیگر کاروباروں کا پہیہ رک گیا ہے، جس سے مقامی آبادی کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کانکنی سے وابستہ افراد کے علاوہ ان علاقوں کے چھوٹے تاجروں اور محنت کشوں کی بڑی تعداد بھی اس صورتِ حال سے متاثر ہو رہی ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کرومائٹ کی کانکنی کے لیے ڈائنامائٹ کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا کرنے سے ہزاروں خاندانوں کے معاشی مستقبل کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ اگرچہ کانکنی میں دھماکہ خیز مواد کا استعمال متعلقہ قوانین اور حفاظتی ضوابط کے تحت ہونا چاہیے، تاہم قانونی تقاضے پورے کرنے والے کان مالکان اور ٹھیکے داروں کو مقررہ طریق? کار کے مطابق ڈائنامائٹ فراہم نہ کرنا ایک سنگین مسئلہ ہے، جس کا فوری حل ضروری ہے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے حکومت اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈائنامائٹ کی فراہمی سے متعلق رکاوٹیں فوری طور پر دور کریں، قانونی تقاضے پورے کرنے والے کان مالکان کو ضروری اجازت ناموں اور حفاظتی ضوابط کے تحت ڈائنامائٹ کی فراہمی بحال کریں اور کانکنی کی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں، تاکہ ہزاروں مزدوروں کو روزگار مل سکے، مقامی کاروبار بحال ہوں اور مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ،نسئی، اور گردونواح کے عوام کو درپیش معاشی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
حکومت قانونی طریقہ کار کے مطابق کانکنی کے لیے ڈائنامائٹ کی فراہمی یقینی بنائے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

