کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ میں پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ گرکرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔
شہید ہونے والوں میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور اسٹوڈنٹ پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شامل ہیں ۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ کے قریب پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں 2پائلٹس کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔
صدرِ مملکت نے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا، انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے بھی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا۔آصف زرداری نے شہداء کے لیے بلندیِ درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔
شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں، پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

