کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کے لیے فتنہ بن چکی ہے اور اس کی سیاست سے ملکی ترقی اور معاشی استحکام متاثر ہو رہا ہے۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں اور ہماری سیاست ہے یومِ نجات خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے نئے عزم، امن، ترقی اور خوشحال مستقبل کی امید کا دن ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کا فیصلہ ایک اہم سیاسی پیش رفت ہے جس سے صوبے میں بہتر طرزِ حکمرانی، امن و امان اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔ عوام گزشتہ کئی برسوں سے روزگار، معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات اور خوشحالی کے منتظر ہیں، جن کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاسی نعروں کے بجائے عملی کارکردگی، شفافیت اور عوامی خدمت کو ترجیح دی جانی چاہیے صوبے کے قدرتی وسائل، معدنی ذخائر اور سیاحتی امکانات کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری بڑھانے اور معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ نجات کو قومی یکجہتی، جمہوری استحکام اور عوامی خدمت کے نئے عزم کی علامت بنانا چاہیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر عوامی مفادات، ملکی استحکام اور قومی ترقی کے لیے کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے عوام کی خوشحالی، امن کا قیام اور ترقی کے یکساں مواقع یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کی توقعات پوری ہو سکیں۔
پی ٹی آئی کی سیاست سے ملکی ترقی متاثر ہو رہی ہے، یوم نجات خیبر پختونخوا کے بہتر مستقبل کی امید ہے، نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری

