قلات(اکرم بلوچ سے ) چیئرمین میونسپل کمیٹی قلات نوابزادہ میر شعیب جان زہری کی قیادت میں قلات شہر میں ترقی اور عوامی خدمت کا سلسلہ پوری رفتار سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں محلہ شیشہ ڈغار، کلی بنگلزئی میں نئے تعمیر ہونے والے گھروں کے لیے سیوریج پائپ لائن کی تعمیر کامیابی سے مکمل کر دی گئی، جس پر علاقہ مکینوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نوابزادہ میر شعیب جان زہری کا شکریہ ادا کیا۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ نوابزادہ میر شعیب جان زہری نے ثابت کیا ہے کہ حقیقی عوامی نمائندہ وہی ہوتا ہے جو بلاامتیاز پارٹی، قوم، قبیلہ، رنگ و نسل ہر شہری کو یکساں اہمیت دیتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین منتخب ہونے کے بعد شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام میں نمایاں بہتری آئی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، مختلف وارڈز میں سیوریج سسٹم کی بحالی، گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تعمیر، نکاسیٔ آب کے منصوبے اور خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت کے لیے مالی تعاون جیسے اقدامات ان کی عوام دوستی، محنت اور مخلص قیادت کا واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ صرف بیانات اور تنقید کی سیاست کرتے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ قلات کے مختلف محلوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا خود جائزہ لیں۔ عوام اب نعروں، الزامات اور منفی پروپیگنڈے سے متاثر ہونے والے نہیں بلکہ خدمت، کارکردگی اور عملی اقدامات کی بنیاد پر اپنا فیصلہ کرتے ہیں۔علاقہ مکینوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قلات کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے نوابزادہ میر شعیب جان زہری جیسے مخلص، متحرک اور عوام دوست نمائندوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین آئندہ بھی بلاامتیاز غریب عوام کی خدمت، شہری مسائل کے حل اور قلات کی تعمیر و ترقی کے مشن کو اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
میر شعیب جان زہری کی عوامی خدمت کا سفر بلا تعطل جاری، مختلف وارڈز میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن

