کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے عوام کے ساتھ روا رکھے گئے ناروا سلوک، اوور بلنگ اورگیس کی مسلسل بندش اور ہوش ربا بل عوام کیلئے ناقابل برداشت ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ موسمِ سرما کے دوران گیس کمپنی کوئٹہ کے شہریوں کو گیس کی بلا تعطل فراہمی میں مکمل طور پر ناکام رہی، جس کے نتیجے میں عوام کو غیر معمولی مشکلات، اذیت اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلسل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث ہزاروں گھرانے شدید متاثر ہوئے، خصوصاً خواتین، بچے اور بزرگ اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ شدید سردی میں گیس کی عدم دستیابی نے شہریوں کو متبادل اور اکثر خطرناک ذرائع استعمال کرنے پر مجبور کیا، جس کے نتیجے میں کئی افسوسناک حادثات پیش آئے، جن میں قیمتی انسانی جانیں جھلسنے اور دم گھٹنے کے باعث ضائع ہوئیں۔ پارٹی نے ان سانحات کو سوئی سدرن گیس کمپنی کی مجرمانہ غفلت، نااہلی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کا براہِ راست نتیجہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان واقعات کی مکمل ذمہ داری متعلقہ ادارے پر عائد ہوتی ہے۔ پریس ریلیز میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ موسمِ سرما کے اختتام کے باوجود بھی گیس کی فراہمی میں بہتری لانے کے بجائے کمپنی کی جانب سے 24 گھنٹوں میں 12 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کا ظالمانہ شیڈول نافذ کیا گیا ہے، جو کوئٹہ کے شہریوں کے ساتھ کھلا مذاق اور سنگین ناانصافی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ صورتحال اس حد تک ابتر ہو چکی ہے کہ شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس کے بجائے پائپ لائنوں میں صرف ہوا فراہم کی جا رہی ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس بدترین صورتحال کے باوجود شہریوں کو ہزاروں روپے کے بھاری، ناجائز اور ظالمانہ بل بھیجے جا رہے ہیں، جو سراسر لوٹ مار اور عوامی استحصال کے مترادف ہے۔ اوور بلنگ کی شکایات عام ہو چکی ہیں، مگر متعلقہ حکام کی جانب سے ان کا کوئی مؤثر ازالہ نہیں کیا جا رہا، جس سے عوام میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی فوری طور پر گیس لوڈشیڈنگ کے خاتمے، گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور اوور بلنگ کے مکمل سدباب کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ صارفین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا فوری ازالہ کیا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر گیس کی فراہمی میں بہتری نہ لائی گئی اور اوور بلنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند نہ کیا گیا تو پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنے عوام کے ساتھ مل کر گیس دفاتر اور پورے کوئٹہ شہر میں شدید اور بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔ بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، اور اگر یہ ذمہ داری پوری نہ کی گئی تو عوام اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کے تحت بھرپور آواز بلند کرنے پر مجبور ہوں گے۔
گیس کی مسلسل بندش اور ہوش ربا بل عوام کیلئے ناقابل برداشت ہیں،پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

