لاہور (ڈیلی گرین گوادر) لاہور کالج آف فارماسیوٹیکل سائنسز (LPCS) میں منعقد ہونے والے “مرحبا رمضان سیشن” میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے اپنے خطاب میں رمضان کی اہمیت، اسلامی تعلیمات اور معاشرتی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا:رمضان نہ صرف ایک مہینہ ہے، بلکہ یہ ہمیں اپنی روح کی صفائی، اللہ کی رضا کی تلاش اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ رمضان کے دوران ہمارا مقصد صرف روزے رکھنا نہیں، بلکہ اپنے دلوں کو قرآن کی روشنی سے منور کرنا ہے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے اپنی گفتگو میں خواتین کی تعلیم، ان کی ذمہ داریوں اور جماعت اسلامی کے پُرعزم منصوبوں کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے علم کی روشنی میں اضافہ کرنا ہوگا۔ جو خواتین معاشرتی سطح پر تبدیلی لاتی ہیں، وہ قرآن کے پیغام سے اپنی زندگیوں کو بہتر کرتی ہیں۔ اس موقع پر حلقہ خواتین کی ڈپٹی سیکرٹری، ثمینہ سعید نے بھی خطاب کیا اور طالبات کو “ہر دل تک قرآن—دورہ قرآن” کے حوالے سے آگاہی دی۔ ثمینہ سعید نے کہا کہ دورہ قرآن کا مقصد قرآن کو ہر فرد تک پہنچانا اور اس کے پیغام کو زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ اس کے ذریعے ہم ہر دل تک قرآن پہنچا کر اپنی زندگیوں میں اس کی حقیقت کو اُجاگر کر سکتے ہیں۔انہوں نے مذید کہا کہ ہم خوش ہیں کہ ضیاء چینل کے ذریعے بھی قرآن اور اسلامی تعلیمات کو ایک وسیع تر پلیٹ فارم پر پھیلایا جا رہا ہے۔ اس چینل کے ذریعے ہم مذید افراد تک قرآن کی تعلیمات پہنچا سکتے ہیں، اور ہماری کوشش ہے کہ یہ چینل ملک بھر میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے۔آخر میں، ثمینہ سعید نے اعلان کیا کہ اسی کالج میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی طرف سے پندرہ گھنٹے کا دورہ قرآن کا شارٹ کورس بھی کروایا جائے گا، جس کا مقصد طالبات کو قرآن کے پیغام سے ہم آہنگ کرنا اور ان کی روحانی تربیت کرنا ہے۔ انہوں نے طالبات کو اس کورس میں شامل ہونے کی دعوت دی اور کہاکہ یہ ایک سنہری موقع ہے جہاں آپ قرآن کی بہتر تفہیم حاصل کر سکتے ہیں اور اپنی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لا سکتے ہیں۔اس اہم سیشن میں طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس کے انعقاد کی کوششوں کو سراہا۔
لاہور کالج آف فارماسیوٹیکل سائنسز، LPCS آڈیٹوریم مرحبا رمضان سیشن” میں سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق کا خطاب

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
