بے نظیر کو پنڈی کے جلسے میں شرکت سے منع کیا تھا مگر وہ نہیں مانی، آصف زرداری
لاہور :سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ موت بر حق ہے، بے نظیر کو پنڈی کے جلسے میں شرکت سے منع کیا تھا مگر وہ نہیں مانی تھیں۔بلاول ہاوَس لاہور میں سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو شہید کی 68 ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بےنظیر کو رات کو بتایا گیا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے جس پر انہوں نے کہا ان کو پکڑتے کیوں نہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ بےنظیر بے نظیر تھیں انہوں نے دنیا میں اپنی سوچ منوائی، دنیا بھر کے دانش مند آج بےنظیر بھٹو پر کتاب لکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر سال کےسب سےلمبے دن 21 جون کو پیدا ہوئی، بھٹو صاحب کہتے تھے یہ سورج کبھی غروب نہیں ہو گا۔آصف زرداری نے کہا کہ اللہ نے بی بی کو اتنی ہمت دی تھی کہ کارکنوں کی مدد سے انہوں نے مشرف کو مکھی کی طرح نکال باہر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جان آنی جانی ہے، آپ کی وجہ سےہر مشکل کا مقابلہ کرسکتا ہوں،انسان بہت کمزورہے دعا کریں مولامجھےقبر تک ہمت دے۔شریک چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ کافی برسوں کےبعد کارکنوں سےمل رہا ہوں، کبھی جیل تو کبھی اسپتال میں رہا۔ کارکنوں سے ملنا میرے لیے کسی تحفے سے کم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول کو میں کیا سکھا سکتا ہوں مچھلی کو کوئی کیسے تیرنا سیکھا سکتا ہے،وہ اپنی موج میں آگے بڑھ رہا ہے۔ بلاول آپ کی آئندہ نسلوں کو ساتھ لے کر چلے گا۔