ہرنائی:طالب لیز کوئل مائنز ایریا کے ایک کوئلہ کان میں منگل کو حادثہ پیش آیا جس میں ایک کانکن جاں بحق ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، کان میں میٹی کا تودہ گرنے سے سلطان ولد داود نامی کانکن شدید زخمی ہوگیا۔حادثے کے بعد کانکن کو کان سے نکال کر ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں اس نے دم توڑ دیا۔ پولیس کے مطابق، جاں بحق کانکن کا تعلق افغانستان سے تھا۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔مقامی ذرائع کے مطابق، کوئلہ کانوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث ایسے حادثات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس واقعے پر مقامی کانکنوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جو کانوں میں بہتر حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور مزید ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کا وعدہ کیا ہے۔
ہرنائی میں کوئلہ کان حادثہ، ایک کانکن جاں بحق

