کوئٹہ(یو این اے )محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق شہر بھر میں سیکیورٹی انتظامات کو سخت کرتے ہوئے مجموعی طور پر 17 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا تاکہ مجالس، جلوسوں اور دیگر مذہبی اجتماعات کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔پولیس ذرائع کے مطابق سیکیورٹی پلان کی تیاری کے دوران شہر کے حساس مقامات، امام بارگاہوں، جلوس کے روٹس اور دیگر مذہبی اجتماعات کی تفصیلات کا مکمل جائزہ لیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پولیس، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو بھی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے جبکہ جلوس کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی بھی کی جائے گی۔پولیس حکام نے بتایا کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے علمائے کرام، منتظمین مجالس اور تاجر برادری سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ اس دوران انہیں جلوسوں کے اوقات، روٹس اور ممکنہ خطرات سے آگاہ کر کے تعاون کی یقین دہانی حاصل کی گئی ہے۔جلوسوں کے راستے میں آنے والے تمام مقامات کی کلئیرنس کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی خصوصی ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور چیک پوسٹس کے ذریعے لوگوں کی چیکنگ کی جائے گی۔ خواتین کی مجالس کے مقامات پر لیڈی پولیس کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محرم کے دوران سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں یا نفرت انگیز مواد پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور سائبر کرائم ونگ کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ کسی بھی شرپسند عناصر یا امن خراب کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔کوئٹہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران مکمل تعاون کریں، مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت بچا جا سکے۔
کوئٹہ،محرم الحرام کے لیے 17 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں پر مشتمل سیکیورٹی پلان تیار

