کچلاک(یو این اے )کچلاک میں انسانی ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک مدرسے کے استاد نے مبینہ طور پر 4 سالہ بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی۔ متاثرہ بچے کو فوری طور پر مفتی محمود میموریل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی معائنے کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے بروقت پولیس اور محکمہ سماجی بہبود :دانش:کو اطلاع دی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ڈاکٹرز کے مطابق بچے کو تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں پیڈیاٹریشن نے فوری معائنہ کیا اور بچے کو خصوصی نگہداشت وارڈ میں داخل کردیا گیا۔ بچے اور اہل خانہ کو نفسیاتی بحالی کے لیے کونسلنگ فراہم کی جا رہی ہے جبکہ سماجی بہبود کی ٹیم نے قانونی معاونت اور مکمل سیکیورٹی فراہم کر دی ہے۔مفتی محمود میموریل ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر عبد الوکیل شیرانی نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال “صفر رواداری” کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسے حساس کیسز میں فوری اور مثر اقدامات کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ادھر علاقہ مکینوں اور سول سوسائٹی نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسا مکروہ جرم نہ کر سکے۔متاثرہ خاندان کی معاونت جاری ہے اور پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
کچلاک،4سالہ بچے سے مبینہ زیادتی کی کوشش،ملزم گرفتار

