کراچی (ڈیلی گرین گوادر)کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں بلوچ کالونی بلاک 4 کے قریب 6 منزلہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ہونے سے ایک شخص جاں بحق اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ریسکیو ٹیموں نے ایک زخمی سمیت 2 افراد کو ملبے سے نکال لیا۔ امدادی اداروں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی کارروائی کے دوران 2 افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکالا گیا، جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان کے مطابق شاہراہ فیصل کے قریب عمارت گرنے کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ امدادی ٹیم نے ملبے سے ایک لاش اور ایک زندہ متاثرہ شخص کو بھی نکال لیا ہے، جبکہ ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر موجود ہے اور بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو تلاش کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔
عمارت گرنے کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور جائے وقوعہ کی جانب جانے والے راستے پر ٹریفک جام ہوگیا۔ پولیس اہلکار امدادی سرگرمیوں کے لیے راستہ کلیئر کرانے اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ امدادی آپریشن مکمل کرنے اور ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عمارت کے نقشے، تعمیراتی معیار اور ممکنہ غفلت کا جائزہ لینے کے ساتھ عمارت منہدم ہونے کی وجوہات معلوم کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے قریبی عمارتوں کا فوری حفاظتی معائنہ کرنے اور ملبے سمیت اطراف میں کسی بھی ممکنہ خطرے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اگر کسی قسم کی غفلت یا غیر قانونی تعمیر سامنے آئے تو ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ابتدائی معلومات کے مطابق کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں زیرتعمیر 6 منزلہ عمارت کے 600 گز کے پلاٹ نمبر C-163 پر بلڈنگ قوانین کے تحت صرف ایک منزل تعمیر کرنے کی اجازت تھی، تاہم وہاں 6 منزلہ عمارت تعمیر کی جارہی تھی۔
حادثے کے وقت عمارت میں کام کرنے والے 20 سے 25 مزدوروں کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین نے مذکورہ پلاٹ پر غیرقانونی تعمیرات کی نشاندہی کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، وزیر بلدیات اور دیگر متعلقہ حکام کو خطوط بھی لکھے تھے، جن میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
دوسری جانب عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت بہتر ہے، جبکہ واقعے کے بعد جناح اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔زخمی نادر کے رشتے دار ملک آصف نے بتایا کہ انہیں ڈیڑھ بجے کزن کا فون آیا کہ عمارت گر گئی ہے۔
ان کے مطابق عمارت مکمل طور پر منہدم ہوچکی ہے اور اب تک 6 سے 7 مزدوروں کو ملبے سے نکالا جاچکا ہے۔ملک آصف کا کہنا تھا کہ عمارت میں 33 سے 34 مزدور کام کررہے تھے اور تعمیراتی کام گزشتہ 6 ماہ سے جاری تھا۔مزدور مکہ رئیل اسٹیٹ کے لیے کام کررہے تھے۔ ان کے بقول اگر عمارت منہدم نہ ہوتی تو چند روز میں اسے رہائشیوں کے حوالے کیا جانا تھا۔

