کوئٹہ(یو این اے )صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے باوجود گرینڈ الائنس کے ملازمین احتجاج سے باز نہیں آ رہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت پر ملازمین کو مذاکرات کی دعوت دی گئی، جس کے تحت وفاقی طرز پر تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس سے زائد مالی بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں، تاہم بعض مطالبات تسلیم کیے جا چکے ہیں اور باقی پر مرحلہ وار پیش رفت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ راحیلہ درانی نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملازمین نے مذاکرات کے دوران حکومت پر الزامات لگائے اور آج احتجاج نہ کرنے کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت لاٹھی چارج نہیں چاہتی، مگر صوبے میں دفعہ 144 نافذ ہے، اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔
حکومت مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتی، ملازمین نے غیر لچکدار رویہ اپنایا،راحیلہ حمید درانی

