کوئٹہ(یو این اے ) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کا ایک اہم اجلاس جمعرات کو چیف منسٹر سیکریٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں مون سون سیزن کے دوران ممکنہ قدرتی آفات سے نمٹنے اور بروقت حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پی ڈی ایم اے حکام نے مون سون کنٹیجنسی پلان پر بریفنگ دی اور ہنگامی صورتحال کے لیے وضع کردہ حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلی نے محکمہ جاتی اقدامات اور اہم انتظامی فیصلوں کی منظوری دیتے ہوئے پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور تمام اضلاع میں وسائل و عملے کی تیاری کو مثر بنایا جائے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح شہریوں کا تحفظ اور بروقت ریلیف کی فراہمی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور مربوط انداز میں کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مون سون کے دوران کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔اجلاس میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، متعلقہ سیکریٹریز، ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بروقت تیاری اور اداروں میں ہم آہنگی ضروری ہے، سرفراز بگٹی

