لاہور(ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعتِ اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب سے معاشرے میں اتفاق، احتساب اور اعلیٰ معیارات کا قیام ممکن ہو سکے گا۔ حقوق اللہ اور حقوق العباد کے فرائض کی ادائیگی کے لیے ماہِ رمضان اہلِ ایمان کو ہمہ گیر تربیت کا قیمتی موقع فراہم کرتا ہے۔ منصورہ میں دورہ تفسیر القرآن کے لیےملک بھر سے آئ ہوئ شرکاء طالبات کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ قرآن کریم کتابِ ہدایت و انقلاب ہے۔ قرآن و سُنت کا نظام ہی انسانیت کی اُخروی فلاح و نجات سمیت دُنیاوی امن و استحکام کا بھی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ تفسیر کی شرکاء قران کی کرنوں سے سینوں کو منور کرنے کا عزم لے کر گھروں سے نکلی ہیں – قران کی تفسیر سیکھیں ،ایمان و احتساب کیساتھ روزہ کی حفاظت کریں –

قران کے فلسفے کو سمجھیں اور سماج میں اتحاد و محبت کا ماحول پیدا کریں۔ ماہ صیام کے فضائل و برکات پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ رمضان تبدیلی کا مہینہ ہے اور قران تبدیلی کا منشور ہے- رمضان یہ پیغام دے رہا ہے کہ اسلامی انقلاب کی شمع روشن ہوتے ہی پورا معاشرہ یکسر بدل جائے گا ، جیسے ہر سال حج کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمان رنگ و نسل اور زبان کے امتیازات کو بھول کر ایک امام کے پیچھے ارکان حج ادا کرتے ہیں، اسی طرح اسلامی انقلاب کے بعد فرد ، معاشرہ اور تہذیب و تمدن سب کچھ قران کے تابع دکھائ دے گا- افطار ڈنر کے موقع پر صحافیات اور میڈیا پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی یہ منفرد خصوصیت اور اعزاز ہے کہ ہر رمضان المبارک میں منصورہ میں قرآن فہمی اور خواتین کی تعلیم و تربیت کا وسیع پیمانے پر بندوبست کیا جاتا ہے – جماعت اسلامی کے شعبہ دعوت و تربیت کے زیر اہتمام سالھا سال سے ملک بھر سے کثیر تعداد میں طالبات اور خواتین چالیس دن کے لیے منصورہ میں قیام کرتی ہیں اور دورہ تفسیر، قرآن فہمی اور منصورہ مسجد میں قیام و نوافل کی برکات سے فیض یاب ہوتی ہیں-کسی بھی دینی جماعت کی طرف سے خواتین کے لیے رمضان المبارک میں قرآن فہمی اور تربیت کردار کے حوالے سے ہر سال منعقد ہو نے والی سب سے بڑی سرگرمی ہے – شرکاء دورہ تفسیر القران کی بہترین مہمان نوازی کی جاتی ہے اور شب بیداری ، افطار ڈنر جیسی سرگرمیوں کے ذریعے ان کی ایمانی قوت میں اضافہ کرنے کی سعی و جہد کی جاتی ہے – اس کے علاوہ بھی حلقہ خواتین ملک بھر میں قرآن اور تفسیر فہمی کے پروگرامات بڑے بڑے شادی ہالز ، عوامی ہال ،اداروں ، ہر علاقے ، محلے اور ہر گلی میں منعقد کرنے کا اہتمام کرتی ہے – یاد رہے کہ منصورہ میں حسب روایت اس سال بھی 09 شعبان المکرم سے دورہ تفسیر القران کا اغاز ہوا جس کے مدرس نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطاءالرحمن ہیں دورہ تفسیر القران میں شرکت کے لیے ملک بھر کے جامعات المحصنات کی منتخب طالبات کی کثیرتعداد منصورہ میں رہائش پذیر ہے اور دورہ تفسیر القران سے فیض یاب ہو رہی ہیں-#

