کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیرسینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کی سیاست ہمیشہ اصولوں، دیانت داری اور خدمت پر مبنی رہی ہے۔ ہماری جدوجہد کا محور محض اقتدار کا حصول نہیں بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں عدل و انصاف کا بول بالا ہو، اسلامی اقدار کا تحفظ کیا جائے، اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق میسر آئیں۔ ہم نے ہمیشہ قانون، آئین اور جمہوری اقدار کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد کو آگے بڑھایا، اور ہر مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑے رہے۔یہ بات انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ یہ جمعیت علماء اسلام اپنے روشن ماضی کی امین اور ایک تابناک مستقبل کی ضامن ہے۔ ہمارے اکابر نے آزادی کی تحریک سے لے کر ملک کی نظریاتی سرحدوں کے دفاع تک ہر محاذ پر اپنی جانفشانی سے تاریخ رقم کی۔ ہم نے مدارس کے تحفظ، اسلامی تعلیمات کے فروغ، اور نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے بے شمار خدمات انجام دیں۔ ہمارا مشن صرف سیاست نہیں، بلکہ ایک ایسی نسل تیار کرنا ہے جو دین و دنیا میں رہنمائی کا فریضہ انجام دے سکے۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان، جو عرصہ دراز سے ملک دشمنوں کا ہدف ہے، ہہاں بھی جمعیت علماء اسلام نے عوام کے حق کے لیے ہمیشہ مضبوط آواز بلند کی ہے۔ ہم نے ہر فورم پر بلوچستان کے جائز حقوق کی جنگ لڑی اور ہر اس کوشش کی مخالفت کی جس سے اس خطے کے عوام کو مزید مشکلات میں دھکیلنے کی سازش کی گئی۔ ہم ترقی و خوشحالی کے ایسے راستے کے داعی ہیں جو حقیقی معنوں میں عوامی فلاح و بہبود پر مبنی ہو، نہ کہ محض نعروں اور جذباتی دعووں پر انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے مخالفین نے ہمیشہ پروپیگنڈوں، جھوٹے الزامات اور سازشوں کے ذریعے ہماری جدوجہد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، مگر تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہر مخالفت کا جواب صبر، استقامت اور حکمت سے دیا۔ عوام کی بے لوث خدمت، حق و سچ کی بالادستی، اور اسلامی اقدار کی حفاظت ہمارا نصب العین ہے۔ ہم اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، ہمارا سفر جاری رہے گا، کیونکہ جمعیت علماء اسلام محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک نظریاتی تحریک ہے، جو ہر حال میں دین و وطن کی سربلندی کے لیے برسرِ پیکار رہے گی۔
جمعیت علماء اسلام محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک نظریاتی تحریک ہے،سینیٹر مولانا عبدالواسع

ٹیگز:
سینیٹر مولانا عبدالواسع
