کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر و سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے امپورٹڈ اور نا اہل حکمرانوں کی طر ف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 24سے 59روپے تک اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نا اہل حکمران اپنے غیر ملکی آقاوں اور آئی ایم ایف کی خوشنودی کیلئے عوام پر پٹرول بم گرا رہے ہیں ایک ماہ کے دوران تیسری مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریبا90روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے جو غریبوں اور مزدور وں کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں قاسم خان سوری نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے رات کے اندھیرے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 24سے 59روپے اضافہ کرکے عوام پر پٹرول بم گرایا ہے ایک مرتبہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تین دفعہ اضافہ سے حکمرانوں کی نا اہلی عوام پر واضح ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران ملک کو چلانے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے اور پہلے سے مہنگائی میں پسے ہوئے عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قوم اور مذہب پرست جماعتیں بی این پی، پشتونخواملی عوامی پارٹی، جمعیت علماء اسلام،بی اے پی جو بلوچستان کے حقوق کا رونا روتی تھیں آج بلوچستان میں 18سے 20گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ، پٹ فیڈر کینال اور کیرتھر کینال میں پانی کی کمی کے مسئلے اورسندھ میں بلوچ خواتین پر تشدد اورانکی بے حرمتی کرنے پر کیوں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل تک یہی جماعتیں بلوچستان کے عوام کے حقوق کے بلند و بانگ دعوے کرتی نہیں تھکتیں تھی آج انہوں نے چپ کا روزہ رکھ لیا ہے اور وہ کیوں آج آواز بلند نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف آنے والے انتخابات میں بلوچستان سمیت ملک بھر میں کلین سوئیپ کریگی۔
نا اہل حکمران آئی ایم ایف کی خوشنودی کیلئے عوام پر پٹرول بم گرا رہے ہیں، قاسم سوری

ٹیگز:
قاسم سوری
