گورنربلوچستان کا دورہ بولان میڈیکل یونیورسٹی،انٹری ٹیسٹ میں حصہ لینے والے امیدواروں کیلئے مناسب انتظامات کرنے پر اطمینان کا اظہار

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بولان میڈیکل یونیورسٹی نے ہیلتھ سیکٹر میں پروفیشنل ماہرین کی اہم ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ایک قابل ستائش اقدام شروع کیا ہے۔ رواں سال میں ایک ہزار افراد کو جدید تربیت فراہم کریگی جنہیں کورس کی تکمیل کے بعد پھر اپنی مہارت کا اشتراک کرنے کیلئے بیرون ملک بھیجا جائیگا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے دورے کے موقع پر کیا جہاں نرسنگ، میڈیکل لیبارٹری، ڈینٹل اور سرجری سمیت بارہ مختلف ڈسپلن میں صوبے بھر کے تقریباً ایک ہزار کے قریب امیدواروں سے داخلہ ٹیسٹ لے جا رہے تھے. اس موقع پر بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، پرووائس چانسلر ڈاکٹر فریدہ کاکڑ اور رجسٹرار بھی موجود تھے. دورہ کا مقصد میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف حصوں کا معائنہ کرنا اور تمام اضلاع کے طلباء و طالبات کے داخلہ ٹیسٹ کی نگرانی کرنی تھی تاکہ حق حقدار تک پہنچنا ممکن ہو سکے. انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں سفارش ایک معاشرتی معمول بن چکی ہے لیکن کئی شعبوں میں سفارش کی بالکل کوئی گنجائش نہیں ہوتی. ناجائز سفارش کے رحجان کا فروغ ادارہ جاتی کارکردگی کو نقصان پہنچاتا ہے، ہمارے اجتماعی مستقبل کو خطرے میں ڈالتا ہے اور سماجی انصاف اور معاشی مساوات کے بارے میں خدشات کو جنم دیتا ہے لہٰذا ہر قسم کی سفارش، رشوت اور امتحان میں نقل کے ناسور سے مکمل چھٹکارا پانے کا واحد حل میرٹ کی پاسداری میں ہے. گورنر بلوچستان نے بولان میڈیکل یونیورسٹی کی جانب انٹری ٹیسٹ میں حصہ لینے والے امیدواروں کیلئے مناسب انتظامات کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا. گورنر مندوخیل انٹری ٹیسٹ کے دوران فرداً فرداً ہر امتحانی ہال کے امیدواروں گیے، وہاں ان کی حوصلہ افزائی کی اور یقین دلایا کہ میڈیکل کورسز کے آغاز سے لیکر آخر تک ہمارا ہر ممکن تعاون آپ کے ساتھ رہیگا. گورنر بلوچستان نے واضح کر دیا کہ میڈیکل کے پروفیشنل کورسز کرانے والے ہنریافتہ افراد کی ضرورت ملک و صوبے سے باہر بھی زیادہ ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے