8فروری کو بلوچستان کے عوام شیر کے نشان پر ٹھپہ لگا کر مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں گے،شیخ جعفر خان مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ 8فروری پاکستان مسلم لیگ(ن)کی فتح کا دن ہوگا،عوام کی طاقت سے مرکز سمیت تمام صوبوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے آئندہ حکومت ن لیگ کی ہوگی اور ہم اپنے قائد میاں نوازشریف کی قیادت میں ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے رکا تھا۔یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں سعید الحسن مندوخیل اور عبد الخالق مندوخیل سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)ہی عوام کی حقیقی جماعت ہے، جو بلو چستان سمیت ملک بھر میں عوا م کا اعتماد حاصل کرچکی ہے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ نوازشریف کی قیادت میں ہی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن اور عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے ہر دورمیں عوام خوشحال اور پورے ملک میں ترقیاتی منصوبے شروع ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو بحرانی کیفیت سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن اور عوام کو خوشحال اور ان کے مسائل کا حل ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک و صوبے کی تر قی کے لئے کام کیا ہے 2013سے 18تک مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جتنے فنڈز بلو چستان کو دیئے اسکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،آج بلو چستان میں جتنے بھی بڑے تر قیا تی کام ہو رہے ہیں انکی بنیاد مسلم لیگ (ن) نے ہی رکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 8فروری کو بلو چستان کے عوام شیر کے نشان پر ٹھپہ لگاکر مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں گے۔