کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ گزشتہ 20 برس میں پاکستان کو دہشتگردی کی وجہ سے 80 بلین ڈالر کا نقصان پہنچا. پاکستان دہشتگردی سے شدید متاثر ہوا ہے ملک کی معیشت ایک دن میں برباد نہیں ہوئی دو دہائیوں کی خوفناک دہشتگردی نے ملکی معیشت کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں پاکستان پر دہشتگردی کا عفریت مسلط کیا گیا ہے. پاکستان نے فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کر کے اپنا معاشرتی اور اقتصادی ڈھانچہ تباہ کر لیا۔یہاں جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت برباد ہوتی گئی لیکن ایسی ناگفتہ بہ صورتحال میں کسی ملک یا عالمی مالیاتی ادارے نے آگے بڑھ کر پاکستان کی مدد نہ کی اور ہم تنہا دہشتگردی کی آگ میں جلتے رہے. ماضی میں جس طرح ملک کو چلایا گیا اس طرز سیاست نے ملک کو ایک قدم بھی آگے بڑھنے نہیں دیا. دہشتگردی کا شکار پاکستان اس وقت گھمبیر اقتصادی مسائل سے دوچار ہے. آج صورتحال یہ ہے کہ ورلڈ بینک پاکستان کو انتہائی غریب اور مقروض ممالک میں شامل سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی بنک نے پاکستان کو قرضے کے بوجھ کے حامل غریب ممالک کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا 2027 تک قرضہ جی ڈی پی کے 89.3 فیصد تک بڑھ سکتا ہے. عالمی بنک کے مطابق پاکستان میں گزشتہ مالی سال کے دوران ایک کروڑ پچیس لاکھ افراد غربت کی لکیر کے نیچے چلے گئے ہیں. اور ملک میں غربت کی شرح 34.2 فیصد سے بڑھ کر 39.4 فیصد پر پہنچ گئی ہے. جس کے مطابق اس وقت پاکستان کے 9 کروڑ ساٹھ لاکھ افراد غربت کی لکیر کے نیچے ہیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے مزید کہا کہ جب تک پاکستان ایک خود مختار اور خود انحصار ملک بن کر نہیں ابھرتا پاکستان کے مالی مسائل حل نہیں ہوں گے. ملک بھر میں معیشت کو کمزور کرنے والے تمام فیصلوں پر نظرثانی کرتے ہوئے انہیں ناقابل عمل قرار دے دیا جانا چاہئے. دہشتگردی پر فوری قابو پانے کیلئے ورلڈ بنک اورعالمی طاقتوں نے پاکستان کی کوئی مدد نہیں کی. جب تک دہشتگردی کی تمام وجوہات ختم نہیں کر دی جاتیں پاکستان میں معاشی استحکام ممکن نظر نہیں آتا. اگر ہم معاشی طور پر مستحکم نہ ہوئے تو دنیا کا کوئی ملک اور مالیاتی ادارہ ہماری مدد کو نہیں آئے گا
گزشتہ 20 برس میں پاکستان کو دہشتگردی کی وجہ سے 80 بلین ڈالر کا نقصان پہنچا، سینیٹر محمد عبدالقادر

ٹیگز:
محمد عبدالقادر
