کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاززہری نے گزشتہ روز بلومستونگ میں عیدمیلادالنبیؐ کے جلوس میں خود کش دھماکے اور ژوب میں افغان سرحد سے دہشتگردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعات کوانتہائی بزدلانہ فعل قرار دیا اور کہا کہ مستونگ دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے جبکہ دھماکے میں ملوث شرپسندوں کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔ انہوں نے قوی امید ظاہر کی کہ دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیا جائے گا۔انتہا پسند پاکستان بالخصوص بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جسے ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ژوب میں افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے میں وطن کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی حفاظت جیسے فرض پر مامورسیکیورٹی اہلکاروں پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کھلی دہشت گردی ہے۔ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستان بالخصوص بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔صوبے کی عوام دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے مستونگ دھماکے اور ژوب میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کا خون روئیگان نہیں جانے دیا جائے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں۔شرپسند عناصر افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغانستان میں موجود پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں دہشتگردی کی فضاء قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کا دہشت گردی کے خلاف پختہ عزم اور حوصلہ کمزور نہیں پڑ سکتا اور اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات ملک انہوں نے کہا کہ ساری قوم ہماری سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم سب مل کر دشمنوں کے عزائم کوخاک میں ملائیں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم کا عزم غیر متزلزل ہے اور پوری قوم مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرے گی اور دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائیں گے انہوں نے مستونگ دھماکے اور ژوب میں دہشت گردانہ حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
مستونگ خودکش دھماکہ بزدل دشمن کی کاروائی ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
ثمینہ ممتاز زہری
