اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جس، جس نے نواز شریف کے خلاف سازش کی وہ آج عوام میں نکلنے کے قابل نہیں ہیں۔مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی ماڈل ٹاؤن لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو سازش کے تحت اقامہ کیس میں نکالا گیا ، اس فیصلے کے بعد ملک کی ترقی رُک گئی۔
انہوں نے کہا کہ میں پانچ ماہ ڈیتھ سیل میں گزار کر آئی مگر انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، میں دو سو کے قریب پیشیاں بھگت کر سب کے سامنے کھڑی ہوں۔مریم نواز نے کہا کہ بے گناہ ہوتے ہوئے بھی بسترِ مرگ پر والدہ کو چھوڑ کر اڈیالہ جیل گئی، قیدِ تنہائی میں رکھا گیا،کمرے میں ہی باتھ روم تھا، نماز پڑھتے ہوئے پتا نہیں چلتا تھا کہ کمرے میں نماز پڑھ رہی ہوں یا باتھ روم میں ، جیل میں ہوتے ہوئے کبھی نہیں کہا کہ مجھے دیسی چکن چاہیے ،جیل کی دال روٹی کھائی ، تب سے دال بہت اچھی لگنے لگی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو واپس آ رہے ہیں ، مریم نواز نے تقریب میں موبائل فون پر نوازشریف کو شرکا کا جوش و خروش بھی دکھایا ۔

