کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی بیان میں نئے چیف جسٹس آف پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایک قابل اور سینئر قانون دان ہیں۔ قوی امید ہے کہ نئے چیف جسٹس صاحب کی سربراہی میں انصاف فراہم کرنے والے ادارے مزید فعال اور مضبوط ہوں گے اور موثرانداز میں اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور عدل و انصاف کی فراہمی کے لئے مقننہ، عدلیہ اور ایگزیکٹو کا مل کر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے انصاف فراہم کرنے والے اداروں پر امتیاز برتنے کی باتیں ہوتی رہی ہیں لیکن قاضی فائز عیسیٰ ملک میں قانون کی حکمرانی کے لئے اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید فعال اور مضبوط کریں گے اور عدلیہ کا وقار بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ملک میں قانون کی حکمرانی کی خواہاں ہے۔ پوری قوم کی نظریں اس وقت سستے اور فوری انصاف کے لئے سپریم کورٹ کی طرف ہیں تاکہ عام عوام کے لاکھوں کیسز کی فوری طور پر سنوائی ہو سکے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ انصاف کی فوری فراہمی کے لئے فوری طور پر موثر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ سستا اور فوری انصاف نچلی سطح تک بھی پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں عدل آئین، قانون اور ضابطوں کی پاسداری سے ہی ممکن ہے۔ عوام عدل و انصاف کی فراہمی کے منتظر ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا امید ہے کہ دنیا میں پاکستانی عدلیہ کی ساکھ اور نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے نئے چیف جسٹس اپنی ذمہ داریوں میں سرخرو ہوں۔
قاضی فائز عیسیٰ ملک میں قانون کی حکمرانی کے لئے اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید فعال اور مضبوط کریں گے، ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
ثمینہ ممتاز زہری
