کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگران صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،واسا اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سردار اعجاز احمد خان جعفر نے کہا ہے کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے جسمیں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، کوئٹہ شہرکے اطراف میں 22ٹیوب ویلوں کو نومبر کے پہلے ہفتے تک فعال کرنے کیلئے محکمہ واسا کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو سبزل روڈ پر واقع واٹر ٹریمنٹ پلانٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سردار اعجاز احمد جعفر نے کہا کہ کوئٹہ شہرکے عوام کو صاف پانی کی فراہمی اسوقت بہت بڑا مسئلہ ہے کوئٹہ شہر کے اطراف بروری اور مری آباد کے علاقے میں 22ٹیوب ویلوں لگائے جارہے ہیں جنہیں نومبر کے پہلے ہفتے تک فعال کرکے شہر کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت واسا کے پاس کوئی مجسٹریٹ نہیں جس کی وجہ سے غیرقانونی ٹیوب ویلز کے خلاف کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے اس سلسلے میں چیف سیکرٹری بلوچستان کو لکھا ہے کہ واسا کو مجسٹریٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہر میں غیرقانونی ٹیوب ویلز کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ فاریسٹ، سپورٹس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن شہر میں پودوں کو صاف پانی فراہم کر رہے ہیں جس سے زیر زمین پانی کی سطح گر رہی ہے ہم نے انہیں کہا ہے کہ وہ سستے داموں سبزل روڈ پر لگائے جانے والے ٹریٹمنٹ پلانٹ سے پانی لیکر پودوں کو دیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ سے صاف کئے گئے پانی کے ٹیسٹ کرائے گئے ہیں صاف کیا گیا پانی پودوں کو دیا جاسکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محکمہ واسا اور پی ای ایچ حکام کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ شہر میں غیر فعال ٹیوب ویلوں کو فوری فعال بنائیں تاکہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد واسا کو بلوں کی ادائیگی نہیں کرتی ہے بلوں کی ادائیگی نہ کرنے والے صارفین کی خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے، سردار اعجاز احمد خان جعفر

