کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی خبروں کی تردید کرتے ہیں ایسی کوئی بات زیر غور نہیں ہے مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان مخلوط حکومت ہے ہم وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کو سپورٹ کر رہے ہیں اس وقت بلوچستان میں اہم مسائل ہیں ہم نے ان پر توجہ دینی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے باہر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سینیٹر دوستین ڈومکی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے یاپھر ان کے کوئی اختلافات ہونگے فی الحال وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کی کوئی بات نہیں ہے وزیراعلیٰ کو مسلم لیگ(ن)، بی اے پی کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان، گورننس کے مسائل ہیں آج بھی ہم ان کیمرہ بریفننگ میں اہم مسائل پر توجہ دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کے دوران مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت میں ڈھائی،ڈھائی سالہ معاہدے کے بارے میں سنا ہے مگر اس کا کوئی ایگری منٹ دیکھا نہیں ہے ہمیں ڈھائی سال کا انتظار کرنا چاہے یہ فیصلہ پارٹی قیادت نے کرنا ہے نہ کہ ہم نے کرنا ہے یہ اتنا اہم معاملہ نہیں کہ ہم اس میں پھنسے رہیں اگر پارٹی نے کوئی فیصلہ کرنا ہے ہم اس پر من و عن عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر دوستین ڈومکی کے بیان کے بعد سردار ایاز صادق سے بات ہوئی مرکزی قیادت ضرور ان سے پوچھے گی کہ اتنا بڑا بیان انہوں نے کیسے دیا۔انہوں نے کہا کہ ذاتی حیثیت میں بیانات یا اختلافات ہوتے ہیں مگر پارٹی پالیسی کے برخلاف بیان دینا ایک غیر مناسب عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے اندرونی معاملات سے مسلم لیگ(ن) کا کوئی لینا دینا نہیں ہے ہر جماعت کے اندرونی معاملات ہوتے ہیں ایک گھر میں بھی اختلافات ہوتے ہیں صوبے کے وزیراعلیٰ سے ایم پی ایز کے اختلافات ہوتے ہیں ہماری جماعت کے ارکان کے بھی خدشات اور اختلافات ہوتے ہیں لیکن بات چیت سے یہ معاملات حل ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز بگٹی بہتر طریقے سے کام کر رہے اور دن رات محنت کر رہے ہیں ہم مخلوط حکومت میں ان کے ساتھ ہیں ہماری کوشش ہے کہ امن و امان، گورننس کے مسائل حل ہوں وزیراعلیٰ کو وقت ضرور لگے گا مگر بہتری نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ہر حال میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی حکومت کی حمایت جاری رکھے گی بلوچستان میں انتہائی سنجیدہ مسائل ہیں بیرونی طاقتیں بھی صوبے میں کارفرما ہیں امید ہے معاملات بہتری کی طرف جارہے ہیں صوبے میں جلد مثالی امن وامان اور ترقی ہوگی۔
وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی خبروں کی تردید کرتے ہیں ایسی کوئی بات زیر غور نہیں، میر سلیم کھوسہ

ٹیگز:
میر سلیم کھوسہ
