کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان میں مال بردار جہازوں کی تیز رفتار کلیرنس،تجارتی اخراجات میں کمی اور نقل و حرکت کے دورانیے میں بچت لانے کے لئے خود کار ڈیجیٹل نظام رواں ماہ میں متعارف کرایا جائے گا نئے طریقہ کار سے لاجسٹک کے شعبے سے وابستہ ٹرانسپورٹ، وئیر ہاؤس اور فریٹ فارورڈنگ کے شعبوں کو فروغ ملے گااس نظام کے تحت تمام بحری اڈے اور ان میں قائم ٹرمینل خودکار ڈیجیٹل نظام کے تحت ایک دوسرے سے مربوط ہونگے خصوصی طور پر کراچی، بن قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں پر مال بردار جہازوں کی کلئیرنس میں تیزی آئے گی۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیا نظام سنگل ونڈو کا حصہ ہے جو متعلقہ اداروں اور شعبوں کو لاجسٹک سے متعلق معلومات فراہم کرے گا بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں، درامدی و برآمدی اشیاء کی ترسیل کیلئے پاکستان آٹھ بڑی بندرگاہوں سے کام لے رہا ہے ان میں کراچی، محمد بن قاسم اور خصوصاً مستقبل کے تناظر میں سی پیک کے توسط سے گوادر کو مرکزیت حاصل ہے اس وقت کراچی پورٹ 60 فیصد قومی تجارتی سرگرمیوں کی حصے دار ہے جس سے اس پر غیر معمولی دباؤ کا اندازہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے شدید ہوتے معاشی بحران کے دوران چند ماہ قبل ایک بڑی پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب ابوظہبی کے ایک کاروباری گروپ کی جانب سے اس شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا جس کے تحت بندرگاہوں پر ٹرمینلز کی تعمیر، کرا چی اور پورٹ قاسم کے درمیان ریل رابطہ قائم کیا جائے گا مستقبل کے تناظر میں گوادر کو عالمی تجارتی مرکز بنانے کی سنجیدہ کوششوں کو باوجود وہاں شہری اور کاروباری ڈھانچے کو وسعت دینے کی رفتار انتہائی سست ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی عبدالقادر نے کہا کہ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں غیر ملکی سرمایہ کاری 21 فیصد کمی کے بعد محض ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر رہ گئی ہے جس پر مناسب توجہ مبذول کرنے کی ضرورت ہے بہت بہتر ہوگا کہ قومی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے توسط سے آنے والی بیرونی سرمایہ کاری میں بندرگاہوں کو بھی شامل کیا جائے ان اقدامات کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم بحری جہازوں کی نقل و حرکت کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے جدید سہولتوں اور تقاضوں سے ہم آہنگ کریں تا کہ ہم ترقی یافتہ ممالک سے مسابقت کے قابل ہو سکیں. اس طریقہ کار کو اپنانے سے سمندر پار پاکستانی تاجروں کو انتہائی اہمیت کی حامل سہولت حاصل ہوگی۔
ملک میں کارگو جہازوں کی تیز رفتار کلیرنس اور نقل و حرکت کے لئے خود کار ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا، سینیٹر عبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر عبدالقادر
