راولپنڈی(ڈیلی گرین گوادر) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دورہ ترکیہ کے دوران صدررجب طیب اردوان، وزرائے خارجہ و دفاع اور اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ سپہ سالار نے کہا پاک ترکیہ برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کے دورہ ترکیہ کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اہم ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام کے لیے ترک افواج کی کوششوں کو سراہا۔
ترک رہنماؤں نے رواں سال زلزلے کے دوران پاکستانی آرمی انجینئرز کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔ سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری بھی دی۔
ترک وزیر دفاع اور کمانڈر لینڈ فورسز نے جنرل عاصم منیر کو دفاعی تعلقات کو فروغ دینے اور پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں لیجن آف میرٹ سے نوازا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا پاکستان ہمیشہ ترک بھائیوں کے ساتھ مصیبت اور خوشی کے لمحات میں کھڑا رہا ہے اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔

